ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / آپ نے شکست کا ٹھیکرا جرنیل کے سر پر پھوڑا

آپ نے شکست کا ٹھیکرا جرنیل کے سر پر پھوڑا

Fri, 14 Apr 2017 01:42:01    S.O. News Service

نئی دہلی:13/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی(آپ)نے راجوری گارڈن اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شرمناک شکست کے لیے سابق ممبر اسمبلی جرنیل سنگھ کے استعفیٰ سے عوام میں ناراضگی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔آپ لیڈر اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے راجوری گارڈن ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے سے پہلے ہی پارٹی کی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جرنیل کے استعفیٰ سے عوام کی ناراضگی کو دور کر پانے میں پارٹی ناکام رہی۔واضح رہے کہ 14راؤنڈ کی ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے سے پہلے 12ویں راؤنڈ میں ہی آپ امیدوار ہرجیت سنگھ کے بی جے پی اکالی امیدوار منجدر سنگھ سرسا سے 23ہزار ووٹوں سے پیچھے ہوتے ہی سسودیا نے پارٹی کی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے نتائج آپ کے حق میں نہیں ہے۔سسودیا نے کہا کہ جرنیل سنگھ کے پنجاب اسمبلی انتخابات میں اترنے سے راجوری گارڈن کی عوام تھوڑی ناراض تھی، ہم نے اس بابت عوام سے بات بھی کی تھی، لیکن شاید لوگوں میں ناراضگی کم نہیں ہوئی۔ضمنی انتخابات کے نتائج سے میونسپل انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑنے کی یقین دہانی کرائے ہوئے سسودیا نے کہا کہ کارپوریشن انتخابات کا معاملہ الگ ہے اور آپ پوری مضبوطی کے ساتھ کارپوریشن انتخابات لڑ رہی ہے۔ اس کے بل بوتے ہمیں جیت کا مکمل اعتماد ہے، حالانکہ بی جے پی اور کانگریس ضمنی انتخابات کے نتائج کو دہلی کی کیجریوال حکومت کے تئیں عوام کی ناراضگی کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔دہلی کے چیف الیکشن افسر کی طرف سے اعلان کئے گئے انتخابات کے نتائج میں بی جے پی اکالی امیدوار سرسا کو کانگریس امیدوار میناکشی چندیلا کے مقابلے میں تقریبا 15ہزار ووٹوں سے جیت حاصل ہوئی ہے، جبکہ ہرجیت سنگھ محض 10ہزار ووٹ ملنے کے ساتھ ہی تیسرے نمبر پر رہے۔وہ ضمانت بچانے کے لیے ضروری کل ووٹوں کا 16فیصد بھی حاصل نہیں کر سکے۔اس کے ساتھ ہی 70رکنی اسمبلی میں بی جے پی اکالی اتحاد کے ممبران اسمبلی کی تعداد تین سے بڑھ کر چار ہو گئی ہے، جبکہ آپ 67سے سمٹ کر 66پر آ گئی ہے۔غورطلب ہے کہ 2015کے انتخابات میں آپ امیدوار جرنیل سنگھ نے سرسا کو 10ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔گزشتہ انتخابات میں کانگریس امیدوار دھنونتی چندیلا محض 8فیصد ووٹ پاکر تیسرے نمبر پر رہیں تھی،جبکہ دو سال بعد ہوئے ضمنی انتخابات میں چندیلا کی بہو میناکشی چندیلا کے امیدوار رہتے کانگریس کے ووٹ فیصد میں 21فیصد کے اضافہ کے ساتھ یہ 33فیصد ہو گیا۔ریاستی کانگریس صدر اجے ماکن نے اسے کامیابی بتاتے ہوئے کارپوریشن انتخابات کے لیے بہتر اشارہ بتایا ہے۔


Share: